گورنرخیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور سے اعتماد کا ووٹ لینے کا مطالبہ کر دیا

پشاور(پاکستان کھپے بیورو رپورٹ)خیبر پختونخوا کے گورنر نے وزیر اعلیٰ کے پی سے اعتماد کا ووٹ لینے کا مطالبہ کر دیا۔تفصیلات کے مطابق گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور سے اعتماد کا ووٹ لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ گورنر کے پی نے کہا کہ علی امین اعتماد کھوچکے ہیں، وہ اعتماد کا ووٹ لے لیں، ان کے پاس اعتماد کے ووٹ نہیں ہیں، ایسا نہ ہو تحریک عدم اعتماد آ جائے۔فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ کے پی اسمبلی کا اجلاس 4 بار ملتوی کیا جا چکا ہے، اور حکومت بوکھلاہٹ میں کابینہ سے لوگوں کو نکال رہی ہے، انھوں نے کہا صوبے کا کپتان نااہل ہے، پہلے غلط ٹیم چنی اور اب ہر ہفتے تبدیلی کر رہا ہے، کھلاڑیوں کی تبدیلی فٹبال میں دیکھی ہے یہ تو کرکٹ کے کھلاڑی ہیں، اگر کوئی کرپٹ ہے تو اسے سزا دی جائے، کمیٹی بنائی جائے۔انھوں نے کہا اٹھارویں ترمیم کے بعد امن قائم کرنا صوبے کی ذمہ داری ہے، اور کے پی حکومت امن و امان قائم کرنے میں ناکام ہو چکی ہے، صوبے میں دن دہاڑے روڈ بند ہوتے ہیں، لوٹ مار کا بازار گرم ہے، وزیر اعلیٰ پرسوں اپنے حلقے میں موجود تھے جہاں لوٹ مار ہو رہی ہے، ہمارے وزیر اعلیٰ کے پی کو جو مینڈیٹ ملا تھا اس میں بھی ناکام ہو چکے ہیں۔فیصل کریم نے کہا کے پی کی 26 یورنیورسٹیز میں وائس چانسلر ہی نہیں ہیں، انھوں نے یونیورسٹیز کے وائس چانسلرز کے لیے اپنے لوگوں کو لگانے کی کوشش کی، جب کہ پشاور ہائیکورٹ نے کے پی حکومت کی پٹیشن مسترد کی اور یونیورسٹیز وائس چانسلر لگانے کا حکم دیا، جب تک میں گورنر ہوں یونیورسٹی کی ایک انچ زمین بھی نہیں بیچنے دیں گے۔